لاہور(سٹی رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل پنجاب اور بہترین سروس ڈیلیوری کے وژن کے تحت ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈی سی آفس میں میونسپل امور کی 

جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے تیار کردہ "نگران ایپ" کا تفصیلی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز)، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) کلیم یوسف، ڈپٹی ایم ڈی واسا، ایم او ریگولیشن، ایم او انفرا، تمام زونل افسران (انفرا) اور فیلڈ سرویئرز نے شرکت کی۔

 اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف آفیسر ایم سی ایل کلیم یوسف نے بتایا کہ نگران ایپ میں 9 اہم میونسپل سروسز شامل کی گئی ہیں، اور رواں برس یکم ستمبر سے اس ایپ کے ذریعے فیلڈ آپریشنز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے

 جس میں ایل ڈی اے، سی اینڈ ڈبلیو اور ایم سی ایل سمیت تمام الائیڈ محکمے منسلک ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور سرویئرز کی درست نشاندہی سے کوریج کے انڈیکیٹرز میں واضح بہتری آ رہی ہے۔


 شہری مسائل کے حل کو مزید تیز بنانے کے لیے پانچ واضح ہدایات جاری کی گئیں جن میں سرویئرز کو فیلڈ میں صرف مصدقہ شکایات اور مسائل کی نشاندہی کرنے، مرکزی سڑکوں اور تجارتی مارکیٹوں سے تجاوزات کا بلا تاخیر خاتمہ کرنے، صفائی، سیوریج، مین ہول کورز، 


سلیب، گلیوں اور اسٹریٹ لائٹس کی لائیو مانیٹرنگ پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے، تمام الائیڈ محکموں کے درمیان باہمی رابطہ مضبوط کر کے بروقت ردعمل دینے، اور لاہور کے اس کامیاب نگران ایپ ماڈل کو صوبہ بھر میں نافذ کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے احکامات شامل ہیں۔

 اپنے بیانات میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ لاہور کا میونسپل نظام ملک بھر میں دیکھا اور پرکھا جاتا ہے، اس لیے خدمات کی معیار سازی اور بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سی لاہور کی ہدایت پر شروع کی گئی


 نگران ایپ کی مدد سے پورا انتظامی سسٹم لائیو مانیٹرنگ پر منتقل ہو چکا ہے جس سے میونسپل مسائل انتہائی مؤثر اور شفاف انداز میں حل ہو رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا یہ ڈیجیٹل تحرک شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فوری اور بااعتماد فراہمی کی روشن مثال ہے۔