اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امیدوار بھی ریاستی اور لوکل الیکشن میں کامیاب ہوگئے۔

سلیمان لالانی 66 فیصد ووٹ لے کر ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن بن گئے جبکہ محمد اقبال الینوائے کی کین کاؤنٹی کے بورڈ کا رکن منتخب ہوگئے۔ کولوراڈو سے پی کے قیصر اراپا ہو کاؤنٹی کے اسیسر منتخب ہوگئے۔

واضح رہے کہ امریکا میں انتخابات کے لیے مختلف ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ مختلف ریاستوں سے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیموکریٹس نے ری پبلیکنز سے سینیٹ کا کنٹرول چھین لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق سینیٹ میں ڈیموکریٹس کو 54 نشستوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ ری پبلیکین نے 42 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 435 نشستوں والے ایوان نمائندگان میں 228 نشستوں پر ڈیموکریٹس اور 136 پر ری پبلیکنز نے کامیابی حاصل کی ہے۔

گورنرز کے انتخابات میں ڈیموکریٹس کو 16 ریاستوں میں کامیابی ملی۔ سی این این کے مطابق 10 ریاستوں میں ری پبلیکن امیدوارجیت گئے۔ 26 میں ڈیموکریٹس اور 18 میں ری پبلیکنز گورنربن گئے۔